|
|
|
حادثہ وہ جو ابھی پردۂ افلاک میں ہے عکس اُس کا مرے آئینۂ ادراک میں ہے |
نہ ستارے میں ہے، نَے گردشِ افلاک میں ہے تیری تقدیر مرے نالۂ بے باک میں ہے |
یا مری آہ میں کوئی شررِ زندہ نہیں یا ذرا نم ابھی تیرے خس و خاشاک میں ہے |
کیا عجب میری نوا ہائے سحَر گاہی سے زندہ ہو جائے وہ آتش کہ تری خاک میں ہے |
توڑ ڈالے گی یہی خاک طلسمِ شب و روز گرچہ اُلجھی ہوئی تقدیر کے پیچاک میں ہے |