|
(فرانس میں لِکھّے گئے) |
ڈھُونڈ رہا ہے فرنگ عیشِ جہاں کا دوام وائے تمنّائے خام، وائے تمنّائے خام! |
پیرِ حرم نے کہا سُن کے مری رُوئداد پُختہ ہے تیری فغاں، اب نہ اسے دل میں تھام |
تھا اَرِنی گو کلیم، میں اَرِنی گو نہیں اُس کو تقاضا روا، مجھ پہ تقاضا حرام |
گرچہ ہے افشائے راز، اہلِ نظر کی فغاں ہو نہیں سکتا کبھی شیوۂ رِندانہ عام |
حلقۂ صُوفی میں ذکر، بے نم و بے سوز و ساز میں بھی رہا تشنہ کام، تُو بھی رہا تشنہ کام |
عشق تری انتہا، عشق مری انتہا تُو بھی ابھی ناتمام، میں بھی ابھی ناتمام |
آہ کہ کھویا گیا تجھ سے فقیری کا راز ورنہ ہے مالِ فقیر سلطنتِ روم و شام |