|
|
|
کمالِ تَرک نہیں آب و گِل سے مہجوری کمالِ ترک ہے تسخیرِ خاکی و نوری |
مَیں ایسے فقر سے اے اہلِ حلقہ باز آیا تمھارا فقر ہے بے دَولتی و رنجوری |
نہ فقر کے لیے موزُوں، نہ سلطنت کے لیے وہ قوم جس نے گنّوایا متاعِ تیموری |
سُنے نہ ساقیِ مہوَش تو اور بھی اچھّا عیارِ گرمیِ صُحبت ہے حرفِ معذوری |
حکیم و عارف و صُوفی، تمام مستِ ظہور کسے خبر کہ تجلّی ہے عین مستوری |
وہ مُلتفت ہوں تو کُنجِ قفَس بھی آزادی نہ ہوں تو صحنِ چمن بھی مقامِ مجبوری |
بُرا نہ مان، ذرا آزما کے دیکھ اسے فرنگ دل کی خرابی، خرد کی معموری |