|
|
|
تجھے یاد کیا نہیں ہے مرے دل کا وہ زمانہ وہ ادب گہِ محبّت، وہ نِگہ کا تازیانہ |
یہ بُتانِ عصرِ حاضر کہ بنے ہیں مدرَسے میں نہ ادائے کافرانہ، نہ تراشِ آزرانہ |
نہیں اس کھُلی فضا میں کوئی گوشۂ فراغت یہ جہاں عجب جہاں ہے، نہ قفَس نہ آشیانہ |
رگِ تاک منتظر ہے تری بارشِ کرم کی کہ عجم کے مےکدوں میں نہ رہی مئے مغانہ |
مرے ہم صفیر اسے بھی اثَرِ بہار سمجھے انھیں کیا خبر کہ کیا ہے یہ نوائے عاشقانہ |
مرے خاک و خُوں سے تُونے یہ جہاں کِیا ہے پیدا صِلۂ شہید کیا ہے، تب و تابِ جاودانہ |
تری بندہ پروری سے مرے دن گزر رہے ہیں نہ گِلہ ہے دوستوں کا، نہ شکایتِ زمانہ |