|
٭ |
لاؤں وہ تنکے کہیں سے آشیانے کے لیے بجلیاں بے تاب ہوں جن کو جَلانے کے لیے |
وائے ناکامی، فلک نے تاک کر توڑا اُسے میں نے جس ڈالی کو تاڑا آشیانے کے لیے |
آنکھ مل جاتی ہے ہفتاد و دو ملّت سے تری ایک پیمانہ ترا سارے زمانے کے لیے |
دل میں کوئی اس طرح کی آرزو پیدا کروں لوٹ جائے آسماں میرے مٹانے کے لیے |
جمع کر خرمن تو پہلے دانہ دانہ چُن کے تُو آ ہی نکلے گی کوئی بجلی جلانے کے لیے |
پاس تھا ناکامیِ صیّاد کا اے ہم صفیر ورنہ مَیں، اور اُڑ کے آتا ایک دانے کے لیے! |
اس چمن میں مرغِ دل گائے نہ آزادی کا گیت آہ! یہ گُلشن نہیں ایسے ترانے کے لیے |