|
جنگِ یرموک کا ایک واقعہ |
صف بستہ تھے عرب کے جوانانِ تیغ بند تھی منتظر حِنا کی عروسِ زمینِ شام |
اک نوجوان صُورتِ سیماب مُضطرب آ کر ہُوا امیرِ عساکر سے ہم کلام |
اے بُوعبیدہ رُخصتِ پیکار دے مجھے لبریز ہو گیا مرے صبر و سکُوں کا جام |
بے تاب ہو رہا ہوں فراقِ رسُولؐ میں اک دم کی زندگی بھی محبّت میں ہے حرام |
جاتا ہوں مَیں حضورِ رسالت پناہؐ میں لے جاؤں گا خوشی سے اگر ہو کوئی پیام |
یہ ذوق و شوق دیکھ کے پُرنم ہوئی وہ آنکھ جس کی نگاہ تھی صفَتِ تیغِ بے نیام |
بولا امیرِ فوج کہ “وہ نوجواں ہے تُو پِیروں پہ تیرے عشق کا واجب ہے احترام |
پُوری کرے خدائے محمدؐ تری مراد کتنا بلند تیری محبّت کا ہے مقام! |
پہنچے جو بارگاہِ رسُولِ امیںؐ میں تُو کرنا یہ عرض میری طرف سے پس از سلام |
ہم پر کرم کِیا ہے خدائے غیور نے پُورے ہوئے جو وعدے کیے تھے حضورؐ نے” |