|
مُحاصرۂ ادَرنہ |
یورپ میں جس گھڑی حق و باطل کی چھِڑ گئی حق خنجر آزمائی پہ مجبور ہو گیا |
گَردِ صلیب، گِردِ قمر حلقہ زن ہوئی شکری حصارِ دَرنہ میں محصور ہو گیا |
مُسلم سپاہیوں کے ذخیرے ہوئے تمام رُوئے اُمید آنکھ سے مستور ہو گیا |
آخر امیرِ عسکرِ تُرکی کے حکم سے آئینِ جنگ شہر کا دستور ہوگیا |
ہر شے ہوئی ذخیرۂ لشکر میں منتقل شاہیں گدائے دانۂ عُصفور ہو گیا |
لیکن فقیہِ شہر نے جس دم سُنی یہ بات گرما کے مثلِ صاعقۂ طُور ہو گیا |
’ذِمّی کا مال لشکرِ مسلم پہ ہے حرام‘ فتویٰ تمام شہر میں مشہور ہو گیا |
چھُوتی نہ تھی یہود و نصاریٰ کا مال فوج مسلم، خدا کے حکم سے مجبور ہوگیا |