Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے وفد کا علامہ اقبال کی قدیم رہائش گاہ کا دورہ

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے وفد نے ۹؍ مارچ ۲۰۲۳ء کو علامہ اقبال کی قدیم رہائش واقع ۱۱۶ میکلوڈ روڈ کا دورہ کیا۔ اس دورے میں ان کو ‘‘منصوبہ برائے بحالی و مرمت قدیم رہائش علامہ اقبال’’ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین سینیٹ سٹینڈنگ کمیٹی سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان نے پراجیکٹ کا بغور جائزہ لیا۔ وفد میں سیکرٹری سینیٹ سٹینڈنگ کمیٹی سینیٹر فرزانہ خان، سینیٹر عرفان صدیقی، سینیٹر عطا الرحمن اور سینیٹر کیشو بائی شامل تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اقبال اکادمی پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین، ڈائریکٹر جنرل ڈیپارٹمنٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیم ڈاکٹرعبدالعظیم، ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغ قومی زبان ڈاکٹر راشد حمید اور انجینئر محمد عظیم بھی موجود تھے۔
ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے وفد کو ‘‘منصوبہ بحالی و مرمت قدیم رہائش گاہ علامہ اقبال’’ کے ضمن میں آغاز سے تاحال پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس منصوبے کی تکمیل میں درپیش مسائل کے بارے میں بھی بتایا۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر برائے ‘‘منصوبہ بحالی و مرمت قدیم رہائش گاہ علامہ اقبال’’ ڈاکٹر عبد العظیم نے وفد ممبران کو منصوبہ کے عملی اقدام کے بارے میں بریفنگ دی۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے مشاہیر کی یادگاروں کو محفوظ رکھتی ہیں۔ یہ منصوبہ بھی علامہ اقبال کی اس رہائش گاہ سے وابستہ یادوں کو محفوظ بنائے گا۔ انہوں نے اس منصوبے میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے اس منصوبے کے آغاز کے ضمن میں سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن محترمہ فارینہ مظہر، ڈائریکٹر جنرل ڈیپارٹمنٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیم ڈاکٹرعبدالعظیم ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین کی کاوشوں کا سراہا اور کہا کہ قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کا یہ احسن اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کو جلد از جلد تکمیلی مراحل تک پہنچایا جائے اور سینیٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے اس منصوبے کی تکمیل میں درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان نے اس دورے کے دوران علامہ اقبال کی قدیم رہائش کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔
اس موقع پر کمیٹی کے وفد کے ہمراہ آرکیالوجی و میوزیم اور اقبال اکادمی کے سنیئر افسران موجود تھے۔

اقبال اکادمی پاکستان