Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

آرمی برن ہال کالج ایبٹ آباد میں یوم اقبال کے سلسلے میں اقبال لیکچر کا انعقاد

آرمی برن ہال کالج ایبٹ آباد میں یوم اقبال کے سلسلے میں 18 نومبر 2022 کو اقبال لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی صدارت پرنسپل بریگیڈیئر ڈاکٹر محمد نوید نے کی۔ مہمان خصوصی اور مہمان مقرر اقبال اکادمی پاکستان سے ڈاکٹر طاہر حمید تنولی تھے۔ ڈاکٹر طاہر حمید تنولی نے خطاب کرتے ہوئے کہا علامہ اقبال ہمارے قومی تاریخ کا وہ برزخی سنگ میل ہیں جو ہمارے ماضی کو ہمارے مستقبل کے ساتھ جوڑتے ہیں۔ علامہ اقبال نہ صرف ملت اسلامیہ کے ماضی کو مستقبل کے ساتھ جوڑتے ہیں بلکہ وہ مشرق اور مغرب کے درمیان بھی ایک پل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس طرح علامہ اقبال کی فکر اور پیغام آفاقی حیثیت اختیار کر لیتے ہیں۔
انہوں نے تحریک پاکستان میں علامہ اقبال کے مرکزی کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ آل انڈیا مسلم لیگ میں علامہ اقبال کے قائدانہ کردار خصوصا خطبہ الہ آباد کی اہمیت کو انہوں نے تفصیل کے ساتھ بیان کیا۔ انہوں نے اس نکتے کی بھی وضاحت کی کہ یہ علامہ اقبال کا خواب تھا کہ نوجوان نسل ان کے فلسفہ خودی پر کاربند ہو کر اپنے کردار کی تعمیر کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل وہ نوجوان ہیں جو اعلی اخلاقی اقدار کے حامل ہوں اور علم تخلیق کرنے کے وصف سے بہرہ ور ہوں۔ یہ سب کچھ فکر اقبال کو سمجھنے اور اختیار کرنے سے ممکن ہے۔ تقریب میں کرنل محمد رضوان الزمان، ایکڈیمیک کوآرڈینیٹر ،کرنل محمد عالمگیر، کرنل ڈاکٹر محمد عثمان، میجر ظفر اقبال ، ہیڈ مسٹریس لبنی کیوان، سربراہان شعبہ اور اساتذہ بھی شریک تھے ۔

اقبال اکادمی پاکستان