Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کالج آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بحریہ ٹاؤن اسلام آباد میں یوم اقبال سیمینار کا انعقاد

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کالج آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بحریہ ٹاؤن اسلام آباد میں 17نومبر 2022 کو یوم اقبال کے سلسلے میں علامہ اقبال اور نسل نو کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار کی صدارت کالج کے پرنسپل برگیڈیئر ڈاکٹر محمد حنیف نے کی۔ مہمان خصوصی اقبال اکادمی پاکستان سے ڈاکٹر طاہر حمید تنولی تھے۔
تلاوت قرآن پاک ، نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم اور کلام اقبال کے بعد خطبہ استقبالیہ دیا گیا۔ ڈاکٹر طاہر حمید تنولی نے اپنے خطاب میں ہماری قومی تاریخ میں فکر علامہ اقبال کی اہمیت، ان کے افکار کی موثریت اور قیام پاکستان میں علامہ اقبال کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے علامہ اقبال کے افکار کی روشنی میں اس نکتے کی وضاحت کی کہ علامہ اقبال نوجوانوں کو کیسا دیکھنا چاہتے تھے۔
انہوں نے علامہ اقبال کی شاعری اور نثری تحریروں کی روشنی میں نوجوانوں کو بتایا کہ علامہ اقبال مسلم نوجوانوں کو ایسے مثالی کردار کا حامل دیکھنا چاہتے ہیں کہ وہ اعلی اخلاقی اقدار پر کاربند ہوں، علم اور عمل کے حامل ہوں اور علم کو تخلیق کرنے والے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کوئی معاشرہ تخلیق کا حامل نہیں ہوتا اور تقلید پر چلتا ہے وہ کبھی بھی ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا ہے۔ اسے دنیا میں وقار کا حامل کوئی مقام نہیں مل سکتا ۔
خطاب کے بعد انہوں نے ایک گھنٹے تک طلبہ و طالبات اور اساتذہ کے سوالات کے جوابات دیئے۔ سیمینار میں نگہت یاسمین وائس پرنسپل سینئر سیکشن، افشین خرم وائس پرنسپل جونیئر سیکشن تمام شعبوں کے سربراہان اساتذہ اور کالج کے ایگزیکٹو بورڈ کے اراکین نے بھی شرکت کی۔

اقبال اکادمی پاکستان