Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

شاعر مشرق علامہ محمد اقبال(رح) کی قدیم رہائش واقع ۱۱۶۔میکلوڈ روڈ' لاہور میں ایک نشست کا اہتمام کیا گیا۔

لاہور (مورخہ ۱۸ ستمبر ۲۰۲۲ ء بروز اتوار) شاعر مشرق علامہ محمد اقبال(رح) کی قدیم رہائش واقع ۱۱۶۔میکلوڈ روڈ' لاہور میں ایک نشست کا اہتمام کیا گیا۔ اس نشست کا مقصد حضرت علامہ کی اس رہائش میں قیام کے سو سال مکمل ہونے پر ان کے یہاں زمانہ قیام (۱۹۲۲-۱۹۳۵) کی یاد تازہ کرنا تھا۔علامہ اقبال نے آج سے ٹھیک سو سال پہلے ۱۸ ستمبر ۱۹۲۲ کو یہاں رہائش اختیار کی ۔اس نشست کی صدارت نواسۂ اقبال میاں اقبال صلاح الدین صاحب نے کی اور اپنی موجودگی سے اسے یاد گار بنا دیا ۔ اس مختصر نشست کا اہتمام معروف اقبال شناس ڈائریکٹر اقبال اکادمی پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے کیا ۔ نشست میں کلیدی گفت گو نوجوان اقبال اسکالر حسن رضا اقبالی نے کی اور علامہ اقبال کے اس رہائش میں قیام کی ایک صدی مکمل ہونے پر تاریخی پس منظر اور حیات اقبال پر مبنی واقعات کو مد نظر رکھتے ہوئے مدلل انداز میں نکات پیش کیے۔ نشست کے شرکا نے رہائش کا دورہ کیا اور ڈائریکٹر اقبال اکادمی نے ہر حصے کے تاریخی پس منظر سے انہیں آگاہ کیا ۔نواسہ اقبال نے اپنی والدہ محترمہ منیرہ بانو کی ولادت کا کمرہ بھی دیکھا۔ اس موقع پر رہائش کے احاطے میں نواسۂ اقبال نے پھل دار پودا بھی لگایا اور یوں یہ نشست اختتام کو پہنچی ۔ نشست کے شرکا میں صدر مجلس جناب میاں اقبال صلاح الدین اور ڈائریکٹر اقبال اکادمی کے ہمراہ ایڈمن آفیسر اور انچارج مرکز فروخت ارشاد المجیب، ظہیر احمد ، کیئر ٹیکر رہائش زمان خان ، اقبال اسکالرز جناب حسن رضا اقبالی، محترمہ نرید فاطمہ، جناب محمد عثمان اور دبستان اقبال سے منسلک چند نوجوان اسکالر شامل تھے ۔ واضح رہے کہ علامہ اقبال کی اس قدیم رہائش کی تزئین و تعمیر کا منصوبہ فیڈرل آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد (DOAM) کے تحت شروع ہو چکا ہے اور اس ضمن میں ڈائریکٹر جنرل انجینئر عبد العظیم یہاں کا دورہ کر چکے ہیں ۔

اقبال اکادمی پاکستان