Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

قائداعظم لائبریری کے زیر اہتمام کلامِ اقبال کوئز کا انعقاد

اقبال اکادمی پاکستان اور قائداعظم لائبریری کے باہمی اشتراک سے۷دسمبر ۲۰۲۳ء کو مختلف تعلیمی اداروں کے مابین علامہ اقبال ہال قائداعظم لائبریری، لاہور میں اقبال کوئز کا انعقاد کیا گیا. تقریب کی صدارت ڈائریکٹر جنرل پبلک لائبریریز پنجاب کاشف منظور نے کی۔
مہمان خصوصی ناظم اقبال اکادمی پاکستان ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی تھے۔ مہمانان اعزاز ڈاکٹر خضر یٰسین اور ڈاکٹر وحید الزمان طارق تھے۔ جبکہ منصفین کے فرائض ڈاکٹر عروبہ مسرور صدیقی، ڈاکٹر حسن رضا اقبالی اور میاں ساجد علی نے سر انجام دئیے۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اقبال کوئز کی میزبانی کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر ساجد علی اور عائشہ سبحانی نے انجام دئیے۔ اقبال کی زندگی پر مبنی سوالات کے جوابات پر طلبہ نے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔
ڈاکٹر عبدالرؤف نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں کے ذریعے طلبا آسانی سے علامہ اقبال کی شخصیت سے روشناس ہوسکتے ہیں۔نوجوان نسل میں علامہ اقبال کی فکر پر مبنی پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا
جناب کاشف منظور نے کہا کہ بچوں کی تربیت ملک و قوم کے مستقبل کی عکاس ہوتی ہیں لہٰذا تعلیم کے ساتھ بچوں کی معیاری تربیت میں ہمیں کردار ادا کرنا ہوگا۔
تقریب میں موجود مہمانان اعزاز اور منصفین نے اس بات پر زور دیا کہ مقابلہ جاتی پروگرام بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا بہترین ذریعہ ہوتے ہیں۔
کوئز مقابلہ میں شہر بھر کے تعلیمی اداروں نے بھر پور شرکت کی۔ گورنمنٹ اپوا کالج برائے خواتین کی ٹیم نے پہلی جبکہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے دوسری اور لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی.
ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی اور جناب کاشف منظور نے آخر میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں طلبہ، مہمانان اعزاز اور منصفین میں اسناد، شیلڈز اور تحائف تقسیم کیے۔ جناب کاشف منظور کی جانب سے ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔