Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

ہمیں نہ صرف پاکستان بلکہ مسلم امہ کی تربیت کرنی ہے: پروفیسر احسن اقبال
رومی اور اقبال کے افکار عالمِ اسلام کے مسائل کا واحد حل ہیں، صاحبزادہ سلطان احمد عل

اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ ترکیہ اسلام آباد، مسلم انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے اشتراک سے یو ای ٹی کے کیمیکل ہال میں ”رومی اور اقبال“ کے عنوان سے ایک پروقار کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کی جبکہ پروفیسر احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و اقدامات مہمان خصوصی تھی۔ دیگر مہمانان گرامی میں وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیز، ڈائریکٹر جنرل یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ ترکیہ اسلام آباد ڈاکٹر خلیل طوقار، سمیع اللہ ملک )برطانیہ(، ایرین میو سوگی )ترکیہ(، عثمان عبد الناصر )مصر(،ہمایوں احسان (پرنسپل پاکستان لاء کالج)،بریگیڈئیر (ر)ڈاکٹر وحید الزمان طارق(ماہر اقبالیات)، ڈاکٹر محمد کامران، ڈین اورینٹل کالج، ڈاکٹر بابر نسیم آسی، صدر شعبہ فارسی جی سی یونیورسٹی، لاہور، ڈاکٹرعظمی زریں (اورینٹل کالج )، ڈاکٹر ندیم اسحق خان (ماہر تعلیم) اور ڈاکٹر حسن رضا اقبالی(ماہر اقبالیات) شامل تھے۔ ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان ڈاکٹر عبد الرؤف رفیقی نے استقبالیہ کلمات میں معزز شرکائے کانفرنس کو خوش آمدید کہا اور اس کانفرنس کے انعقاد کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔
بین الاقوامی رومی اور اقبال کانفرنس کے مہمان خصوصی پروفیسر احسن اقبال (وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و اقدامات) تھے ۔ وفاقی وزیر نے اپنے خیالات کا اظہار ان الفاظ میں کیا کہ یہ کانفرنس درحقیقت دو عظیم روحانی و فکری میناروں—مولانا جلال الدین رومی اور علامہ محمد اقبال کے افکار کے باہمی ربط اور عصرِ حاضر میں ان کی معنویت کو سمجھنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے۔ ان کا مزید کہا کہ اگر مولانا رومی کی محبت اور علامہ اقبال کے عمل کو یکجا کر لیا جائے تو پاکستان اپنے مسائل پر قابو پا سکتا ہے۔
یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ ترکیہ (اسلام آباد) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خلیل توکار نے ترکیہ میں علامہ اقبال کے افکار کی ترویج کے حوالے سے اقدامات کی تفصیل بیان کی۔
برطانیہ سے تشریف لائے ہوئے ماہر اقبالیات سمیع اللہ ملک نے کہا کہ رومی اور اقبال کی تعلیمات محض ماضی کی ایک یاد نہیں بلکہ حال کی بے چینی اور مستقبل کی سمت کا تعین کرتی ہیں۔ رومی اور اقبال ہمیں عشق اور خودی کی راہ دکھاتے ہیں۔
صاحبزادہ سلطان احمد علی، چیئر مین مسلم انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد نے اپنے خطبہ صدارت میں مولانا جلال الدین رومی اور علامہ اقبال کے افکار کی عصری معنویت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مولانا رومی کو علامہ اقبال اپنا مرشد مانتے تھے۔ علامہ اقبال نے جاوید نامہ میں بیان کردہ آسمانی سفر میں مولانا رومی کی ہی رہنمائی میں مکمل کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان دونوں ہستیوں کے پیغام و افکار کو نوجوان نسل تک منتقل کیا جائے۔
ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان ڈاکٹر عبد الروف رفیقی نے کانفرنس کی سفارشات پیش کی۔ بعدازاں مہمانان گرامی اور حاضرین و شرکاء کانفرنس کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال اکادمی پاکستان کا ادارہ علامہ اقبال اور ان کی مرشد مولانا جلال الدین رومی کے افکار کی ترویج کے لیے کوشاں ہے اور نوجوان نسل تک ان دونوں عظم ہستیوں کے پیغام پہنچانے میں مصروف عمل ہے۔
> کانفرنس کے اختتام پر معزز مہمانان گرامی کی خدمت میں یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔