Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

کلام اقبال کو مؤثر طور پر قومی نصاب میں شامل کیا جانا چاہیے:جسٹس (ر)ناصرہ اقبال
علامہ اقبال کے کلام میں نوجوانان ملت کے لیے مکمل رہ نمائی موجود ہے:پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین

یوم اقبال کے سلسلے میں اقبال اکادمی پاکتا ن نے گورنمنٹ کوئین میری گریجوایٹ کالج لاہورکے اشتراک سے’’تعلیمات اقبال اور تربیت جوانان ملت‘‘کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا ۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺسے ہوا۔ سیمینار کی صدارت جسٹس ناصرہ اقبال نے کی ۔کلیدی گفتگو پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین(ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان (نےکی ۔پروفیسر ڈاکٹر ثمرہ عمران (پرنسپل ، گورنمنٹ کوئین میری گریجوایٹ کالج ،لاہور)نے کلمات تشکر پیش کیے۔
پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمات اقبال ہر دور کے نوجوان کے لیے ہیں۔ علامہ اقبال کے کلام میں نوجوانان ملت کے کے لیے مکمل رہ نمائی موجود ہے۔ علامہ اقبال کے کلام میں نوجوانان ملت کے سوالوں کے جواب ملتے ہیں۔ خواتین کے حوال ے سے بھی مکمل رہ نمائی موجود ہے ۔علامہ نے حقوق نسواں کی بات نثر میں کی ہے۔ اقبال کا کلام آج کے دور میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں کام کرنے والی خواتین کی رہ نمائی کرتا ہے۔
صدر مجلس جسٹس ناصرہ اقبال نے علامہ اقبال کے افکار و تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے نوجوان نسل کی ذمّے داریوں کی نشان دہی کی ۔ جسٹس (ر)ناصرہ نے کہا کہ یکساں نصاب میں اقبال کے کلام کے نمایاں پہلو شامل کرنا چاہییں اور اس حوالے سے نظرثانی کی ضرورت ہے ۔ ہمارے پاس وسائل ہیں لیکن ہمیں موثر طور پر استفادہ کرتے ہوئے نصاب سازی کرتے ہوئے خوب سے خوب تر کی طرف جانا چاہیے۔
پروفیسر ڈاکٹر ثمرہ عمران نے کہا کہ کلام اقبال جس کی اساس قرآن و سنت ہے بلاشبہ ہماری نوجوان نسل کی سربلندی، عزت و وقار،کامیابی اور بلند مقصد کے حصول کے لیے مشعل راہ ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر مریم عرفان (لیکچرار شعبہ اُردو)نے ’’فکر اقبال اور نوجوان نسل ‘‘کے عنوان سے مقالہ پیش کیا- شعبہ فارسی کی طالبات نے عمدہ تحت اللفظ میں کلام اقبال پڑھا نیز کوئین میری کالج کی علمِ موسیقی کی طالبات نے کلام اقبال ترنم میں پیش کیا۔ سیمینار کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر ثمرہ عمران کو اقبال اکادمی کی جانب سے شیلڈ پیش کی گئی اورکلام اقبال پیش کرنے پر طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے اقبال اکادمی پاکستان کا خبر نامہ دیاگیا۔
جسٹس(ر) ناصرہ اقبال نے پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین اور ڈاکٹر ثمرہ عمران کے ہمراہ اقبال اکادمی پاکستان کے بک سٹال کا دورہ بھی کیا ۔

   

   

   

   

   
اقبال اکادمی پاکستان