Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی کی صدر ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان محترمہ سعدیہ راشد سے ملاقات

تاریخ میں بچوں کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی کے حوالے سے حکیم محمد سعید شہید اور رسالہ"ہمدرد نونہال" کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے صدر ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان محترمہ سعدیہ راشد سے۸دسمبر ۲۰۲۳ءکو ہونے والی ملاقات کے دوران کیا۔
ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد سے ملاقات کی۔ محترمہ سعدیہ راشد نے ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی کو ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔
ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکیم محمد سعید نے علامہ محمد اقبال کے افکار کی روشنی میں نونہالان قوم کی کردار سازی اور تعلیم و تربیت کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔تاریخ میں بچوں کی کردار سازی کے حوالے سے حکیم محمد سعید اور "ہمدرد نونہال" کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ بچے کسی بھی ملک و قوم کا مستقبل ہوتے ہیں۔ ان کی بہتر تعلیم و تربیت ہی قوم کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہوتی ہے۔"ہمدرد نونہال" کے لازوال کردار سے ایک نسل پروان چڑھی۔ ڈاکٹر عبدالرؤف نے "ہمدرد نونہال" سے جڑی یادوں کو بھی تازہ کیا۔
ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے مزید کہا کہ اپنے والد کے مشن بچوں کی تعلیم و تربیت کرداری سازی کو موجودہ دور میں نئی جدت کیساتھ جاری رکھنے پر آپ خراج تحسین کی مستحق ہیں۔ ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے محترمہ سعدیہ راشد کو حکیم محمد سعید کی شہادت پر لکھا گیا مرثیہ بھی سنایا۔
محترمہ سعدیہ راشد نے والد محترم سے جڑی یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہم گھر میں بھی تحریر کے ذریعے بات کیا کرتے تھے۔ ایک دفعہ میں نے تاریخ کے بغیر تحریر لکھ کر بھیجی تو والد محترم نے لکھ کر بھیجا تاریخ کے بغیر کوئی تحریر مکمل نہیں ہوتی۔ محترمہ سعدیہ راشد نے کہا کہ میرے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ حکیم محمد سعید کے علمی ذخیرے کے سائے تلے پروان چڑھانے والی نسل ملک کے کلیدی اداروں میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ ملاقات کے اختتام پر محترمہ سعدیہ راشد نے ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی کو"ہمدرد نونہال" کا اقبال نمبر پیش کیا۔ ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی کی جانب سے محترمہ سعدیہ راشد کو اقبال اکادمی کی مطبوعات پیش کی گئیں۔
جناب سید علی بخاری ڈپٹی ڈائریکٹر ہمدرد فاؤنڈیشن اور محمد اسحاق افسر تعلقات عامہ اقبال اکادمی پاکستان بھی اس موقع پر موجود تھے۔