Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

تقریب اعلان نتائج ۔مقابلہ مضمون نویسی
اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام کل پاکستان مقابلہ مضمون نویسی –نتائج کا اعلان

اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام کل پاکستان مقابلہ مضمون نویسی کے مقابلوں کے نتائج کا اعلان کر دیاگیا۔ اس حوالے سے۱۵/اکتوبر۲۰۲۰ء کو ایوان اقبال میں پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی معروف صحافی اور دانش ور جناب سجاد میر تھے۔ میزبانی کے فرائض ہارون اکرم گل نے انجام دئیے۔ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے کلمات تشکر ادا کیے، جب کہ مقابلے کے منصفین ڈاکٹر زیب النساء سرویا، ڈاکٹر عروبہ صدیقی،ڈاکٹر قاسم محمود، جناب اعجاز الحق اعجاز نے مقابلے میں شامل مضامین کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ قاری محمد بشارت علی رضانے تلاوت قرآن پاک سے سامعین کے دلوں کو منور کیا۔ طالبہ انعم شہزادی نے اقبال کا نعتیہ کلام پیش کیا۔ جناب سجاد میرنے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے ناموں کا اعلان کیااور انھیں مبارک باد پیش کی۔کالج کی سطح کے طلبہ و طالبات پر مشتمل پہلے زمرے میں تتلے عالی تحصیل نوشہرہ ورکاں کے حافظ محمد عاطف نے اوّل پوزیشن حاصل کی،لاہورکالج برائے خواتین، یونیورسٹی لاہورکی طالبہ ماہم کیلانی اور گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج تلہ کنگ کے طالب علم محمدعدنان نے مشترکہ طور پر دوم پوزیشن جب کہ آئی۔ایل۔ایم کالج، سرگودھاکے محمد علی اور پی ایس ٹی پوسٹ گریجویٹ کالج، کمالیہ کی ثناء شاہد سوم پوزیشن کے حق دار ٹھہرے۔ جامعۃ المحصنات انٹرمیڈیٹ گرلز کالج ودرس نظامی کراچی کی عائشہ عبید، پنجاب کالج ایوب پارک کیمپس، روالپنڈی کی عائشہ انور فیڈرل کالج اٹک کینٹ، پیپلز کالونی اٹک کی مائرہ پراچہ، گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج سیدو شریف، سوات کی عائشہ گل، گورنمنٹ کالج برائے خواتین،یونیورسٹی، سیالکو ٹ کی مصباح جبیں کوبہترین مضمون نگاری پر حوصلہ افزائی کے انعام دئیے گئے۔
یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات پر مشتمل دوسرے زمرے میں جامعہ پنجاب،لاہورکے محمد عمر نے پہلی پوزیشن،یونیورسٹی آف ساہیوال کی ساجدہ اکرم اورتحصیل جام پور ضلع رحیم یار خان کے محمد ارشد نے مشترکہ طور پر دوسری جب کہ اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاورکی روبینہ یاسمین اورجی سی یونیورسٹی،لاہورکے ذوالفقار علی نے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی،اسلام آبادکے میاں ساجد علی،لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی،لاہورکی گل رعنا،یونیورسٹی آف اوکاڑہ کی سعدیہ خان، غلام فاطمہ اور اورینٹل کالج پنجاب یونیورسٹی لاہورکی عظمیٰ یٰسین کوبہترین مضمون نگاری پر حوصلہ افزائی کے انعام دئیے گئے۔
تقریب کے مہمان خصوصی جناب سجاد میر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کی فکرہی ہماری تہذیب کی بنیاد ہے۔ نظریہ پاکستان بھی دراصل اقبال ہی کی فکر ہے، جو اقبال کو سمجھتا ہے وہ پاکستان کو بھی سمجھ سکتا ہے۔ انھوں نے اقبال اکادمی پاکستان کی حالیہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کی تربیت کے لیے اقبال اکادمی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اس نوعیت کے مقابلوں کو جاری ساری رہنا چاہیے۔ ڈائریکٹر اقبال اکادمی پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے کہا کہ مضمون نویسی کا یہ مقابلہ علامہ اقبال کی تعلیمات میں دل چسپی رکھنے والے نوجوان طلبہ و طالبات کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان بھر سے طلبہ کی شرکت نے ثابت کیا ہے کہ”ذرانم ہو تو یہ مٹی بہت زرخیز ہے ساقی“۔ انھوں نے کہا کہ فکر اقبال سے اخذ کردہ موضوعات موجود ہ مسائل کو مدِّنظر رکھتے ہوئے منتخب کیے گئے تھے اور نوجوانوں نے نہ صرف فکر اقبال سے رہ نمائی حاصل کی ہے بلکہ ان کے انداز ِ تحریر سے بھی یہ واضح ہوتا ہے کہ انھوں نے اپنی زبان اور اسلوب کو بھی بہتر بنانے کی کوشش کی ہے۔ ڈاکٹر زیب النسا سرویا نے کہا کہ کرونا سے جس وقت پوری دنیا متاثرتھی اور ہر طرح کی سرگرمیاں تعطل کا شکار تھیں، ایسے میں اقبال اکادمی نے نوجوانوں کے لیے انتہائی مثبت سرگرمیوں کا انعقاد کیا اور انھیں مایوسی سے بچا کر تخلیق کی تحریک دی۔ اس امرپر یقیناًڈائریکٹر اقبال اکادمی مبارک باد کی مستحق ہیں۔ ڈاکٹر عروبہ صدیقی نے کہا کہ موجودہ دور اگرچہ سوشل میڈیا کا دور ہے لیکن طلبہ و طالبات کو چاہیے کہ لائبریری سے استفادہ ضرور کریں۔ اس سے نہ صرف تحریر میں پختگی آئے گی بلکہ مطالعہ کرنے سے ان کی فکر کی تعمیر بھی ہوگی۔ انہوں نے اقبال اکادمی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کامیاب مقابلوں اور تقریبات کے انعقاد پر مبارک باد دی۔ڈاکٹر قاسم محمود نے کہا کہ فکر اقبال کی مختلف جہات پر مضمون نویسی نہ صرف ہماری نوجوان نسل کو قومی زبان میں مہارت دے گی بلکہ ان کی کرداری سازی میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔دیگر شرکانے بھی اس حوالے سے اقبال اکادمی کے کام کو سراہا۔

تصاویر

   
   
   
   
   
   
   
   
   
 

اقبال اکادمی پاکستان