Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام یوم کشمیر کے حوالے سے ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ کےعنوان سے خصوصی سیمینار کا انعقاد

اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام یوم کشمیر کے حوالے سے’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘کےعنوان سےخصوصی سیمینارکا انعقاد ایوان اقبال میں کیا گیا۔ تقریب کی صدارت سنیئر تجزیہ نگار مجیب الرحمن شامی نے کی۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی اور ائیر وائس مارشل (ر)انورمحمود تھے۔ ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے اظہار تشکر پیش کیا۔ مہمان مقررین میں صدر شعبہ جنرل ایجوکیشن یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب پروفیسر الیاس انصاری، صدربزم فکر اقبال انجینئر وحید خواجہ ، انجینئر عنایت علی اور انجینئر حارث ڈار تھے ۔ نظامت کے فرائض چوھدری فہیم ارشدنےانجام دئیے ۔
تقریب کی صدارت کرتے ہوئے مجیب الرحمن شامی کا کہنا تھا کہ ۱۴اگست کو آزادی کا جو سورج پورے برصغیر میں طلوع ہوا تھا، اس کی کرنیں کشمیر تک نہیں پہنچ سکیں۔ پاکستان اور ہندوستان دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں، انہیں بہر قیمت مل کر اِس مسئلے کا حل تلاش کرنا پڑے گا، ایسا حل جس پر کشمیری عوام بھی مطمئن ہو سکیں۔ کوئی فریق دوسرے کو بزور طاقت زیر تو نہیں کر سکتا، لیکن اس کی زندگی دوبھر بنا سکتا ہے اور وہ بنی ہوئی ہے۔پاکستان کے اہل حرب وسیاست کو کشمیر کے معاملے میں متحد ہو کر فیصلہ کر چلناچاہیے۔کشمیر کوشمشیر سےزیادہ تدبیر کی ضرورت ہے۔ ہندوستان کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد نے اہل پاکستان کا حوصلہ بھی بلند کر رکھا ہے۔
سیمینار سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں، دونوں اقوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں،۔پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کی ہر سطح پر مذمت کرتا ہے۔ پوری دنیا کشمیریوں کے حق آزادی پر بات کر رہی ہے۔
انورمحمود نےاس بات پر روشنی ڈالی اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح بھارت نے کشمیریوں کی جدوجہد کو حقِ رائے دہی سے محروم کرنے، دبانے، غلط معلومات پھیلانے اور بدنام کرنے کا چار جہتی طریقہ اپنایا ہے۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ بھارت کو 5 اگست 2019 کے اپنے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو واپس لینا چاہیے، انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے مکمل حصول تک ثابت قدمی سے واضح طور پر حمایت جاری رکھے گا۔
پروفیسرالیاس انصاری نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی اہمیت، بھارتی غیر قانونی قبضے اور جبر کی طویل داستان، سلامتی کونسل کی قراردادوں خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے مذموم بھارتی منصوبے پر اظہار خیال کیا ۔
انجینئرحارث ڈار نے کہا کہ کشمیریوں کا عزم ہے کہ وہ اپنی جائز امنگوں کو ہر قیمت پر پورا کریں گے، اور اس مقصد کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کشمیریوں کے ساتھ ہے۔
انجینئر وحیدخواجہ نےاس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو سیاسی، سفارتی، قانونی، ثقافتی، انسانی حقوق، اور امن و سلامتی سمیت تمام پلیٹ فارمز پر کشمیریوں کے حقوق کی وکالت جاری رکھنی چاہیے۔
انجینئر عنایت علی نےکہا پاکستانی قوم کو اس جدوجہد کے ہر قدم پر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اس وقت تک چلنا ہوگا جب تک انہیں انصاف اور امن نہیں مل جاتا۔
ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے تقریب کے مہمانان گرامی اور شرکاکاشکریہ اداکیا۔ انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت کشمیریوں کا ناقابل تنسیخ حق ہے اور جموں و کشمیر کے تنازعہ کے حل میں ان کی آواز سنی جانے کی مستحق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل مسئلہ کشمیرکواجاگرکرنے کے لیے ہر ممکنہ ذرائع کا بھرپور استعمال کرے۔ کلام اقبال انسان کوذہن کی غلامی سے نجات دلاتا ہے ۔ کلام اقبال میں فکری وحدت ہے۔ اور یہ حرارت مردہ کو زندہ کر سکتی ہے ۔