Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

گورنر خیبر پختوانخوا فیصل کریم کنڈی کا دورہ اقبال اکادمی پاکستان

علامہ محمد اقبال کی تعلیمات اور انکی سوچ کو پروان چڑھانے سے ہم پاکستان کا روشن چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرسکتے ہیں:گورنر خیبر پختوانخوافیصل کریم کنڈی
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اقبال اکادمی پاکستان کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر عبد الروف رفیقی نے گورنر کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں اکادمی کی جانب سے کی جانے والی تحقیق اور اقبالیات کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے بتایا کہ اکادمی نوجوان نسل کو فکر اقبال سے روشناس کرانے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لارہی ہے ۔ اقبال اکادمی تحقیق و تصنیف کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل میڈیاپلیٹ فارم پر اقبال کی تعلیمات کے فروغ کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ اکادمی اقبال سائبر لائبریری ، یو ٹیوب چینل ، کلیات اقبال (اُردو)اینڈرائیڈ ایپ کے ذریعے فہم اقبال کو عام کر رہی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کی تعلیمات اور انکی سوچ کو پروان چڑھانے سے ہم پاکستان کا روشن چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرسکتے ہیں اقبال کی فکر و فلسفہ کو مزید گہرائی سے سمجھنے اور فروغ دینے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔ اقبال کا فلسفہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ یہ خطے میں تہذیب اور محبت کے قیام میں معاون ثابت ہو سکتا ہے اور خطہ کے ممالک کو ایک دوسرے سے جوڑ سکتا ہے ۔
اقبال کے کلام نے پوری دنیا کو متاثر کیا ۔ مشرق و مغرب ان کی عظمت کے قائل ہیں۔ اقبال کے کلام میں آفاقی پیغام موجود ہے ۔ ملت اسلامیہ کے لیے اخوت ،یگانگت اور اتحاد کا پیغام ہے ۔نوجوان نسل کو علامہ اقبال ، خوشحال خاں خٹک اور تمام مفکرین و دانشوروں کے پیغام سے روشناس کرانے کے لیے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی یونیورسٹیوں میں بھی شعبہ اقبالیات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقبال کے افکار کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنا کر نئی نسل کو اس سے روشناس کرایا جانا چاہئے، تاکہ اقبال کے پیغام کو بہتر طریقے سے سمجھا جا سکے اور اس کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلیاں لائی جا سکیں۔دنیا جدید اطوار کو اپنار ہی ہے۔فیصل کریم کنڈی نے علامہ اقبال کی فکر کی ترویج کے لیے اکادمی کی جانب سے دنیا کے جدید اطوار کے تحت جاری منصوبوں کو سراہااور خیبر پختوانخوا حکومت کی جانب سے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ اس موقع پر فیصل کریم کنڈی نے اکادمی کی مرکزی لائبریری کا دورہ بھی کیا۔ اپنے دورہ کے اختتام پر گورنر خیبرپختوانخوا نے ڈائریکٹر اقبال اکادمی اور جملہ ملازمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل میں احسن طریقے سے فکر اقبال کو فروغ دینا واقعی قابل تحسین ہے۔گورنر خیبر پختوانخوا نے اس موقع پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔