Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

سابق ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان بشیر احمد ڈار کی یاد میں خصوصی تقریب

اقبال اکادمی پاکستان کے زیراہتمام ۱۴؍جولائی ۲۰۲۵ء کو سابق ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان بشیر احمد ڈار کی یاد میں خصوصی سیمینارکا انعقاد کیا گیا۔ مہمان مقررین میں سابق پروفیسر صدر شعبہ فلسفہ جامعہ پنجاب ڈاکٹر ابصار احمد، ماہر اقبالیات ڈاکٹر وحید الزمان طارق، سابق صدر شعبہ اردو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور پروفیسر شفیق عجمی شامل تھے۔ ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان نے کلمات تشکر پیش کیا۔ جناب بشیر ڈار کے خاندان سے ان کی دختر محترمہ درشہوار، محترمہ شہزادی سیف ، محترمہ لالہ رخ، پسرجنید ڈار ، نواسی ڈاکٹر زرقا سیف ، نواسہ جناب صہیب ذوالقرنین اور ڈاکٹر مہ جبین نے بشیر احمد ڈار کی ذاتی و عملی زندگی اور ان کے ادبی اور فکری کام کے حوالے سے گفتگو کی۔ نظامت کے فرائض جناب زید حسین نے انجام دئیے۔ ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بشیر احمد ڈار اقبال اکادمی کے سابق ڈائریکٹر تھے۔ انھوں نے اقبال کے فکر و فن اور مشرق و مغرب کے فلسفیانہ افکار کو بہت عمدگی کے ساتھ اپنی تصانیف میں پیش کیا ہے۔جناب بشیر احمد ڈار نے اپنی زندگی کا ایک ایک لمحہ حکیم الامت کے فکر و فلسفہ او رپیغام و تعلیم کی تشریح و توضیح اور نشر و اشاعت کے لیے وقف کر دیا تھا۔ ڈار صاحب نے اکادمی کی لائبریری کو خاص وسعت دی ۔اکادمی کو صحیح معنوں میں ایک علمی و تحقیقی و اشاعتی ادارہ بنانے میں آپ کا کردار بے مثال رہا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یہ تقریب نہ صرف ان کی یاد کو تازہ کرنے بلکہ اقبال کے پیغام کو نئی نسل تک پہنچانے کا ذریعہ بھی بنےگی۔ جناب بشیر ڈاربے مثال اقبال شناس تھے۔ تاحیات فکر ِاقبال کے فروغ کیلئے کوشاں رہے۔ بشیر احمد ڈار نے اقبالیات کے میدان میں اپنی منفرد شناخت بنائی، ان کی کمی کو پورا کرنا آسان نہیں ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے جناب بشیر ڈارکو شیلڈ پیش کی ۔اس موقع پر ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے اعلان کیا کہ دیگر سابق ناظمین اقبال اکادمی کی یاد میں پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ ان مشاہیر کی خدمات و افکار کو زندہ رکھا جا سکے۔