Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

ناظم اقبال اکادمی پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے اکادمی کی کارکردگی کے جائزہ کے حوالے سے سٹاف کا اجلاس طلب کیا

ناظم اقبال اکادمی پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے اپنی تقرری کے تین برس مکمل ہونے پر اکادمی کے تمام شعبہ جات کی کارکردگی کے جائزہ کے حوالے سے ۱۷ مارچ ۲۰۲۳ء کو تمام سٹاف کا اجلاس طلب کیا جس میں اکادمی کے تمام شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ناظم اقبال اکادمی پاکستان پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین کے تین سالہ دورانیے میں اکادمی میں علامہ محمد اقبال کی فکر کے فروغ کے لئے کی جانے والی کاوشوں سے اکادمی بہت فعال رہی۔ اس دوران 70 سے زائد کتب پرنٹ کی گئیں۔ اکادمی کا ایک بہت اہم وظیفہ اردو، انگریزی اور پاکستانی زبانوں میں علامہ اقبال پر لکھی جانے والی کتب پر مصنفین کو صدارتی اقبال ایوارڈ کا دیا جانا ہے۔ اس دوران قومی صدارتی اقبال ایوارڈ کے سلسلے کی تکمیل کی گئی اور کئی سالوں سے التواء کا شکار ایوارڈز کا سلسلہ نہ صرف بحال کیا گیا بلکہ اس کے فعال ہونے کے نتیجے میں اب ہر سال اقبال سکالرز کو ایوارڈ دیے جا رہے ہیں۔ اکادمی کی تمام ویب سائٹس یوٹیوب چینل اور دیگر سوشل میڈیا چینلز پر علامہ اقبال کی فکر کے فروغ کے لیے کی جانے والی سرگرمیاں، وطن عزیز کے نمایاں اور سربرآوردہ اقبال سکالرز کے لیکچرز کی ریکارڈنگ و اشاعت، سیمیناروں اور کانفرنسوں کے انعقاد کے علاوہ پاکستان کے مختلف تعلیمی اداروں اور جامعات میں اکادمی کے تعاون اور اشتراک سے ہونے والی اقبالیاتی سرگرمیاں فکر اقبال کے فروغ اور نوجوان نسل کو علامہ اقبال کے پیغام سے آشنا کرنے کا باعث بنیں۔ بین الاقوامی سطح پر فکر اقبال کے فروغ کے لیے دانشگاہ ادیان و مذاہب (University of Religion and Denomination) اسلامی جمہوریہ ایران میں اقبال چیئر کا قیام کا فیصلہ کیا گیا۔
اکادمی کے امور کو بہتر کرنے کے لیے اکادمی کے نئے مرکز فروخت کا قیام اور علامہ اقبال کی قدیم رہائش واقع میکلوڈ روڈ کی بحالی و تزئین کے منصوبے کے بجٹ کی منظوری اور آغاز کے ساتھ ساتھ اکادمی کے دفتر کی حالت میں بہتری میں جدید کمپیوٹر سسٹمز مہیا کیے گئے نیز لائبریری میں فوٹو کاپی مشین اور دیگر سہولیات فراہم کی گئیں۔ اجلاس کے آخر میں ناظم اکادمی نے تین برس میں تمام اہداف مکمل کرنے پر سٹاف کو مبارک باد پیش کی اور تمام شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افسران اور ملازمین کو سرٹیفکیٹ دئیے۔

اقبال اکادمی پاکستان