Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

کل پاکستان کلام اقبال تحت اللفظ سے پڑھنے کے مقابلوں کے نتائج کا اعلان کر دیاگیا

پہلی سے پانچویں جماعت کے طلبہ و طالبات پر مشتمل پہلی کیٹگری میں حورین قیصر اوّل ،سید محمد واقب دوم اورہانیہ نقوی سوم رہیں
چھٹی سے دسویں جماعت کے طلبہ و طالبات پر مشتمل دوسری کیٹگری میں محمد حمزہ اقبال نے پہلی ، سیدہ فاطمہ نے دوسری اور مسفرہ شکیل نے تیسری پوزیشن حاصل کی
لاہور (پ ر) اقبال اکادمی پاکستان نے کل پاکستان کلام اقبال تحت اللفظ سے پڑھنے کے مقابلوں کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ اس حوالے سے مورخہ 24ستمبر2020 کو ایوان اقبال میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر نجیب جمال نے کی۔محترمہ نرید فاطمہ (ریسرچ سکالراقبالیات) بطورمہمان اعزاز موجود تھیں۔ ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے کلمات تشکر ادا کیے۔جبکہ میزبانی کے فرائض ہارون اکرم گل نے انجام دیے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جناب سید محمد مسعودعالم نے تلاوت قرآن پاک سے سامعین کے دلوں کو منور کیا۔ جناب ظفر عباس جعفری نےنعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی ۔
پروفیسرڈاکٹر نجیب جمال نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے ناموں کا اعلان کیا۔پہلی سے پانچویں جماعت کے طلبہ و طالبات پر مشتمل پہلی کیٹگری میں پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکول، لاہور کی طالبہ حورین قیصرنے اوّل پوزیشن،بحریہ سکول اینڈ کالج، لاہورکے طالب علم سید محمد واقب نے دوم پوزیشن جب کہ ایل ٹو ایل اکیڈمی، کراچی کی ہانیہ نقوی نے سوم پوزیشن حاصل کی۔ این ایس ماڈل گرلز ہائی سکول، لاہور کی ایمان راشد چوتھی پوزیشن اور لاہور گرامر سکول کی ماہ نور فاطمہ پنجم پوزیشن کی حق دار ٹھہریں۔
چھٹی سے دسویں جماعت کے طلبہ و طالبات پر مشتمل دوسری کیٹگری میں آرمی پبلک سکول ویسٹرج۳،راولپنڈی کے طالب علم محمد حمزہ اقبال نے پہلی پوزیشن، بحریہ سکول اینڈ کالج، لاہور کی طالبہ سیدہ فاطمہ نے دوم پوزیشن، پی اے ای سی ماڈل کالج اسلام آباد کی طالبہ مسفرہ شکیل نے سوم پوزیشن، آرمی پبلک سکول اینڈ کالج جرار گیریژن،راولپنڈی کے طالب علم محمد حسن اکبر نے چوتھی پوزیشن جب کہ آرمی پبلک سکول اینڈ کالج جرارگیریژن راولپنڈی ہی کی زہرافاطمہ ارم اور ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن،لاہورکے عبداللہ صفدر نے پنجم پوزیشن حاصل کی۔نوشکی بلوچستان سے تعلق رکھنے والے دو بھائیوں بنیامین زبیر بلوچ اور مدثر زبیر بلوچ کو بہترین ادائی پر خصوصی انعام کا حق دار قرار دیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹرنجیب جمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ اپنی زبان صحیح طرح سے بول سکتے ہیں تو آپ دنیا کی کوئی بھی زبان بول سکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اقبال کی فکر دنیا میں جہاں جہاں بھی گئی اسے متاثر کیا۔ ”جاوید نامہ”علامہ اقبال کی ایک ایسی نظم ہے جس میں سیرِ افلاک کا تذکرہ ہے۔ اس موضوع پر دنیا میں کئی آفاقی نظمیں موجودہیں۔ جن میں دانتے کی ڈیوائن کامیڈی اورملٹن کی پیراڈائز لاسٹ بہت اہم ہیں۔ لیکن اقبال کا امتیاز یہ ہے کہ ان کے ہاں کوئی تعصب نظر نہیں آتا۔ وہ ان باتوں سے بالاتر سب کی تعریف کرتے ہیں۔یہ بڑے شاعر کا کمال ہوتا ہے۔ اقبال انسانی فکر، انسانی تعلقات کا، سماج، سیاسات، علوم،فلسفہ اور صحیح معنوں میں نو تاریخیت کا شاعر ہے۔اقبال کی شاعری بحیثیت قوم ہماری پہچان ہے اور اقبال کے علاوہ ایسی کوئی دوسری مثال موجود نہیں۔
ڈائریکٹر اقبال اکادمی پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے کہاکہ اعراب کے ساتھ کلیات اقبال کی اشاعت کے سلسلے میں کام ہو رہا ہے۔اقبال اکادمی کی سر گرمیوں سے بچوں کا عہد محفوظ ہو رہا ہے۔علامہ اقبال نے بھی اپنی شاعری میں بچوں اور نوجوانوں کومخاطب کیا ہے۔ نوجوان نسل کے اندر اقبال سے دلچسپی پیدا کرنے کے لیے شاہین کا استعارہ عام کیا جانا چاہیے۔ بچے اور نوجوان ہماری تقریبات کا مستقل حصہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شاہین محض شاعرانہ تشبیہ نہیں بلکہ فکر کی تمام خصوصیات رکھتا ہے اور شاہین کے انھی اوصاف کو سامنے رکھتے ہوئے جوانوں کو نصیحت کرتے ہیں۔جب آپ اپنے مقاصد بلند رکھتے ہیں تو کامیاب ہو جاتے ہیں۔
مقابلوں کی منصف محترمہ نرید فاطمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان مقابلوں کے نتائج مرتب کرتے ہوئے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بچوں کو کلام اقبال منتخب کرنے میں مدد دینے کی ضر ورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری قومی زبان اُردو ہے لیکن محسوس ہو تا ہے کہ ہم اُردو کے صحیح تلفظ سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تعلیمات اقبال کو عام کرنے کے ساتھ ساتھ اقبال کے کلام کی مدد سے نئی نسل کا تلفظ بھی درست کیا جائے۔ تقریب میں موجود بچوں نے اس موقع پر کلام اقبال تلفظ کے ساتھ پڑھا۔ظفرعباس جعفری نے کلام اقبال ترنم سے پڑھا۔

 
اقبال اکادمی پاکستان