Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام "کل پاکستان مقابلہء خطاطی (کلام اقبال)" کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا

لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی طالبات عائزہ امین اور عفیفہ جبیں نے مشترکہ طور پر اول پوزیشن حاصل کی، لاہور کالج فارویمن یونیورسٹی ہی کی طالبہ کرن مقصود دوسری پوزیشن کی حقدار ٹھہریں جبکہ تیسرا انعام علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی طالبہ وردہ مبشر نے حاصل کیا، انسٹی ٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کلچر کے طالب علم محمد اویس کو حوصلہ افزائی کا انعام دیا گیا۔
اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام "کل پاکستان مقابلہء خطاطی (کلام اقبال)" کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔اس سلسلے میں ایوان اقبال میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی طالبات عائزہ امین اور عفیفہ جبیں نے مشترکہ طور پر اول پوزیشن حاصل کی، لاہور کالج فارویمن یونیورسٹی ہی کی طالبہ کرن مقصود دوسری پوزیشن کی حق دار ٹھہریں جبکہ تیسرا انعام علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی طالبہ وردہ مبشر نے حاصل کیا۔ انسٹی ٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کلچر کے طالب علم محمد اویس کو حوصلہ افزائی کا انعام دیا گیا۔ تقریب کی صدارت معروف مصورو خطاط جناب اسلم کمال نے کی جبکہ منصفین کے فرائض جناب عرفان قریشی اور جناب منیب علی نے سر انجام دئیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے کہا کہ خطاطی کا فن اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ صلاحیت ہے اور اقبال کے نزدیک اللہ کی عطا کردہ صلاحیتوں کی دریافت اور اظہار ہی انسان کی خودی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے فرمان " جہان تازہ کی افکار تازہ سے ہے نمود" کے مصداق طلبہ اپنی صلاحیتوں کے بہترین اظہار کے لیے اپنے خیالات اپنے انداز میں جدت لے کر آئیں تاکہ ایک بہتر مستقبل کی تعمیر میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ فن کی نمود یہ ہے کہ آپ اپنا انداز پیدا کریں کسی کے انداز کو نقل نہ کریں اس سے فن جمود کا شکار ہو جاتا ہے۔ ڈائریکٹر اقبال اکادمی نے فاتح طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے جوانوں کو سوز جگر بخشنے کے لیے اللہ سے خصوصی دعا مانگی تھی اور یقینا آپ لوگ اقبال کے شاہین ہیں جنہیں اپنے فن میں کمال حاصل ہوا ہے، اس صلاحیت کو ملک و ملت کی بہتری کے لیے استعمال کریں۔
تقریب کے صاحب صدر جناب اسلم کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا علامہ اقبال نے ساقی نامہ نوجوانوں کے لیے لکھا ہے، ہر نوجوان کو چاہیے کہ ساقی نامہ کو پڑھے اور اقبال کی بصیرت کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالے، اپنے آپ کو تلاش کرے۔ انہوں نے کہا کہ خطاطی اور مصوری تخلیق ہے اور خالق کے نزدیک لے کر جاتی ہے۔ انہوں نے اقبال اکادمی پاکستان کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ اکادمی نے مقابلے کے ذریعے نہ صرف نوجوانوں کو اقبال کے پیغام کی طرف راغب کیا ہے بلکہ ان کو اپنی صلاحیتوں کے بہترین اظہار کا موقع بھی فراہم کیا ہے۔ منیب علی نے کہا کہ اپنے کام پر بہترین توجہ اور ارتکاز آپ کو زندگی میں آگے لے جانے میں بہت مدد دے گی۔مقابلے کے تمام شرکاء کو سرٹیفیکیٹ بھی دئیے گئے۔

   
   
   
   
   
   
   
   
اقبال اکادمی پاکستان