Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

آرمی برن ہال کالج برائے خواتین، ایبٹ آباد میں یوم اقبال کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام

آرمی برن ہال کالج برائے خواتین، ایبٹ آباد میں یوم اقبال کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔
علامہ محمد اقبال نے اپنے کلام میں قوم کی بیٹیوں کو ’’دختران مشرق‘‘ کہہ کر مخاطب کیا ہے۔ دختران مشرق کو موجودہ حالات میں اقبال کے فلسفہ خودی اور جہد مسلسل پر عمل پیرا ہوتے ہوئے قوم کی تقدیر سنوارنی ہوگی۔ ان خیالات کااظہار ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے قدیم و معروف ادارے آرمی برن ہال کالج برائے طالبات ایبٹ آباد میں اپنے خطاب کے دوران کیا۔
آرمی برن ہال کالج برائے طالبات ایبٹ آباد میں یوم ولادت کے حوالے سے ۲۱نومبر ۲۰۲۳ء کو خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی تھے۔ وائس پرنسپل آرمی برن ہال کالج برائے طالبات ایبٹ آباد، کرنل منور خان، کرنل (ر) محمد رضوان الزمان، محترمہ طاہرہ حیام خلجی نے ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان کا پر تپاک استقبال کیا۔
ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ محمد اقبال نے اپنے کلام میں قوم کی بیٹیوں کو ’’دختران مشرق‘‘ کہہ کر مخاطب کیا ہے۔ دختران مشرق کو موجودہ حالات میں اقبال کے فلسفہ خودی اور جہد مسلسل پر عمل پیرا ہوتے ہوئے قوم کی تقدیر سنوارنی ہوگی۔
انسان خودی اوراس خودی کی تعمیر و پرورش کی بدولت عظمت کی بلندیاں حاصل کرتا ہے۔اللہ نے جن خوبیوں سے آپ کو نوازا ہے اْن سب کو بروئے کار لا کر اپنے آپ کو حقیقی معنوں میں ’’دختران مشرق‘‘ ثابت کریں۔
تقریب کے آغاز میں خانوادہ اقبال جناب منیب اقبال کا ورچوئل پیغام نشر کیا گیا۔ جناب منیب اقبال نے اپنے پیغام میں بتایا کہ حضرت علامہ محمد اقبال نے اپنی مشہور نظم ’’ابر‘‘ ایبٹ میں ہی مکمل کی۔ میرے والد جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اپنی کتاب ’’زندہ رود‘‘ کا زیادہ تر حصہ ایبٹ آباد میں رہائش کے دوران لکھا۔ اقبال اکادمی کی جانب سے علامہ محمد اقبال کی شہرہ آفاق نظم ’’از خواب گراں خیز‘‘اور علامہ محمد اقبال کی زندگی پر مبنی ڈاکیومنٹری بھی طالبات کو دکھائی گئی۔
اس موقع پر آرمی برن ہال کے وائس پرنسپل کرنل منورخان نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ علامہ محمد اقبال کی فکر کو اپنی زندگیوں میں شامل کرنا ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر سوالات و جوابات کا سیشن رکھا گیا۔ ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے علامہ محمد اقبال کی ذاتی، زندگی ان کی فکر و جہات سے متعلق پوچھے گئے سوالات کے جوابات دئیے۔ تقریب کے اختتام پر کرنل منور خان نے ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔