Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

بزم علم و ادب کے زیر اہتمام ’’آل پاکستان علامہ اقبال ایوارڈ‘‘۲۰۲۳ء کا انعقاد

یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کےصدر شعبہ عمومی تعلیم، ڈاکٹر الیاس انصاری کی قیادت میں طلبہ و طالبات کے ایک وفد نے اقبال اکادمی پاکستان و ایوان اقبال کا دورہ کیا۔ چودھری فہیم ارشد، معاون ناظم روابط عامہ اور محمد اسحاق ،پبلک ریلیشنز آفیسر نے وفد کا استقبال کیا۔
وفد کو شعبہ ادبیات، لائبریری، مخطوطات سیکشن، شعبہ اطلاعیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ایوان اقبال میں موجود علامہ اقبال پینٹنگ و تصاویر گیلریز میں طلبہ و طالبات نے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وفد کی ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان ڈاکٹر عبد الروٴف رفیقی کے ساتھ ایک فکری نشست کا اہتمام کیا گیا۔ طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالروٴف رفیقی نے کہا فکر اقبال کا مآخذ قرآن و حیات طیبہؐ ہے جو کہ ہر مسلمان کے لیے ہدایت کا منبع ہے۔ علامہ اقبال نے اردو اور فارسی دونوں زبانوں میں شاعری کی تاکہ اہل مشرق یعنی مسلم امہ ان کی فکر سے روشناس ہو سکے۔علامہ اقبال کی فکر و فلسفہ میں ہمیں مشرقی و مغربی دونوں افکار کی جھلک نظر آتی ہے جو کسی اور شخصیت میں موجود نہیں۔ آج کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے مسائل کا حل علامہ اقبال کے آفاقی پیغام میں تلاش کریں۔ انھوں نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ شعبہ سیاسیات و بین الاقوامی تعلقات کے طلبہ کا ہمارے قومی ہیروز کی حیات و افکار میں دلچسپی خوش آئند ہے۔
نشست کے اختتام پر سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہوا جس میں طلبہ نے ڈائریکٹر اقبال اکادمی سے فکر اقبال کی مختلف جہات پر سوال کیے، جس کے تسلی بخش جواب دیے گئے۔ آخر میں وفد کے سربراہ ڈاکٹر الیاس انصاری نے ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے طلبہ کی دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے ان سے سیر حاصل گفتگو کی جس سے ان کی معلومات میں اضافہ ہوا۔ بلاشبہ اس طرح کی نشستوں سے طلبہ کو اپنے اساس کے بارے میں شناسائی ملتی ہے۔ بعد ازاں وفد کو علامہ اقبال کی رہائش گاہ جاوید منزل کا دورہ بھی کروایا گیا۔