Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

علامہ محمد اقبال کی ۱۵۰ویں سالِ ولادت کی تقریبات کے سلسلے میں قومی کمیٹی کا دوسرا اجلاس منعقد

اسلام آباد، ۱۷ ستمبر ۲۰۲۵ء — علامہ محمد اقبال کی ۱۵۰ویں سالِ ولادت کی تقریبات کے سلسلے میں قومی کمیٹی کا دوسرا اجلاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات و نشریات، وزارتِ خارجہ، وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، وزارتِ وفاقی تعلیم اور قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے اعلیٰ حکام، اور اقبال اکادمی پاکستان کے نمائندگان نے شرکت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے، ڈاکٹر عارف خان (برطانیہ)، ڈاکٹر عبدالغفار سومرو (کراچی) اور ڈاکٹر فخر الاسلام نے آن لائن شرکت کی۔
اجلاس میں اسلام آباد میں علامہ اقبال میموریل لائبریری کے قیام کی منظوری دی گئی اور سی ڈی اے کو منصوبے کے لیے موزوں زمین مختص کرنے کی ہدایت کی گئی۔ مزید یہ فیصلہ کیا گیا کہ وزارتِ اطلاعات و نشریات نجی شعبے سے بین الاقوامی معیار کے ڈرامہ سیریل کی تیاری کے لیے تجاویز (RFPs) طلب کرے گی۔
کمیٹی نے بیرونِ ملک پاکستانی مشنز اور وزارتِ وفاقی تعلیم کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اقبال اکادمی پاکستان کو ہدایت کی گئی کہ وہ منظور شدہ موضوعات کے مطابق ایک جامع پروگرام اور ہفتہ وار تقویم مرتب کرے تاکہ تمام انتظامات ۹؍ نومبر ۲۰۲۶ء سے قبل بروقت منعقد کی جاسکیں۔
مزید برآں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اقبال اکادمی پاکستان، وزارتِ اطلاعات و نشریات اور وزارتِ منصوبہ بندی کے نمائندگان پر مشتمل ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے جو ان سرگرمیوں کی پیشرفت کا پندرہ روزہ بنیادوں پر جائزہ لے گا۔
پروفیسر احسن اقبال نے اس موقع پر کہا کہ علامہ اقبال کا ۱۵۰ویں سالِ ولادت ایک تاریخی موقع ہے جس کے ذریعے ہمیں چاہیے کہ علامہ اقبال کے آفاقی پیغام کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کریں اور نوجوانوں، دانشوروں اور عالمی برادری کو نئی توانائی کے ساتھ اس پیغام سے روشناس کرائیں۔