Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام مورخہ 31 جولائی 2021 کو
"معراج النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم- اقبال کا محرک تخلیق" کے موضوع پر خصوصی آن لائن لیکچر

کا اہتمام کیا گیا۔ پروفیسر ایمریطس دہلی یونی ورسٹی ڈاکٹر عبد الحق مہمان مقرر تھے۔ میزبانی کے فرائض ہارون اکرم گل نے انجام دیے۔ ڈاکٹر عبد الحق نے واقعہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وسلم سے علامہ اقبال (رح) کی انسیت اور نسبت بیان کرتے ہوئے مدلل انداز میں موضوع کا احاطہ کیا۔ڈاکٹر عبد الحق نے کہا کہ اقبال ایک عاشق رسول ہیں اور اقبال خود اعتراف کرتے ہیں کہ انہوں نے قرآن کے موتیوں کو اپنی شاعری کے لباس میں پیش کیا ہے۔ وہ اعتراف کرتے ہیں کہ ان کی فکر کا سرچشمۂ فیض آنحضرت کی ذات گرامی ہے اور معراج کا واقعہ اس ذات گرامی کا اہم ترین حوالہ ہے۔ اقبال ابتدا ہی سے معراج کے واقعے سے متاثر نظر آتے ہیں۔ 23 سال کی عمر میں ہی "او ادنیٰ" اور "کعبہ قوسین" کے الفاظ استعمال اپنی شاعری میں کرتے ہوئے واقعہ معراج سے اپنا تعلق ظاہر کرتے ہیں۔ یہ تعلق بعد میں بڑھتا ہی گیا ۔ اقبال نے قرآن کے اسرار و رموز کو اپنی شاعری میں بیان کیا ہے۔ اقبال کہتے ہیں کہ اگر ہمت ساتھ دے تو عرش بریں کا سفر مشکل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقبال نے معراج النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کو اس طرح سے اپنی شاعری میں سمویا ہے کہ اس کی نظیر نہیں۔ اقبال نے "جاوید نامہ" تخلیق کر کے ثابت کر دیا ہے کہ اس عظیم الشان واقعے کو کس طرح بیان کیا جا سکتا ہے۔ اگرچہ مخاطب بیٹے کو کیا گیا ہے لیکن اقبال نے بتایا ہے کہ معراج اپنے شعور کے اندر انقلاب کی دلیل ہے۔اقبال نے بانگ درا اور ضرب کلیم دونوں میں الگ الگ معراج رسول کا تذکرہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنی نثر میں بھی جو کہ ان کے فلسفیانہ کردار کی توثیق کرتی ہےمعراج کا ذکر کیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ خدا کے جلوؤں کو اپنے سینے میں سمیٹ کر واپس آنا اور اپنی قوم کی تعمیر کرنا پیغمبرانہ وصف ہے اور یہ انسانیت کی تکمیل اور حضور نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے انسان کامل ہونے کی دلیل بھی ہے۔ لیکچر سے پاکستان اور دیگر ممالک سے ڈاکٹر طارق شریف زاذہ، پروفیسر مہر الیاس، ڈاکٹر ہارون رشید تبسم، عامر اقبال، قاضی شعیب، عرفان بٹ، ڈاکٹر نسرین بیگم، ڈاکٹر عامر سہیل، ڈاکٹر شگفتہ فردوس، شیخ منصور، مدینہ منورہ سےخالد عباس الاسدی ، سمیت شرکاء کی کثیر تعداد بے زوم ایپلی کیشن کے ذریعے استفادہ کیا اور سوال و جواب کے سلسلے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ آخر میں ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے مہمان مقرر اور تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اقبال اکادمی پاکستان علامہ اقبال (رح) کا پیغام دنیا بھر میں پھیلانے کی خاطر ہر ممکن اقدام کر رہی ہے اور آن لائن لیکچرز اس سلسلے میں بہت معاون ثابت ہو رہے ہیں۔
نوٹ: لیکچر کی ریکارڈنگ تدوین کے بعد جلد اقبال اکادمی کے یوٹیوب چینل پر دستیاب ہو گی۔

تصاویر

   
   
 

اقبال اکادمی پاکستان