Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام "ملت اسلامیہ کے احوال ، عصر حاضر اور فکر اقبال''کے عنوان سے خصوصی سیمینار

اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام "ملت اسلامیہ کے احوال ، عصر حاضر اور فکر اقبال''کے عنوان سے خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار کی صدارت ڈائریکٹر پاکستان سٹڈیز جامعہ پنجاب ڈاکٹر نعمانہ کرن نے کی۔ مہمان مقررصدر اقتصادی تعاون تنظیم ادارہ ثقافت تہران، ڈاکٹر سعد خان تھے۔ کلمات تشکر ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان ڈاکٹر عبدالروف رفیقی نے پیش کیے۔ نقابت کے فرائض جناب محمد اسحاق نے انجام دئیے۔
ڈاکٹر سعد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورِ حاضر میں ملت ِاسلامیہ گوناگوں مسائل سے دوچار ہے اور ملت کے اہم ترین ممالک پاکستان و افغانستان، فلسطین ،عراق اور ایران کو سنگین بحرانوں کا سامنا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ زوال کے اس تاریک تر دور میں بھی مسلمان بطورِ ملت کچھ کرنے کو آمادہ نہیں ہیں۔ اپنے ملی تشخص کے اِحیا اور بقا، غیروں کی ریشہ دوانیوں کا توڑ اور مسلم اُمہ کے فرضِ منصبی کو ادا کرنے کی فکر ہی کسی کو نہیں ہے۔ علامہ اقبال کی فکرپر نظر دوڑائی جائے تو ان کی سوچ کا مرکز اور محور امت مسلمہ کا اتحاد ہی رہاہے۔ ڈاکٹر نعمانہ کرن کا کہنا تھا کہ دورِحاضر کا اہم ترین مسئلہ دنیا کی طاقتور اقوام کا کمزورممالک پر ظلم وستم ہے جو صرف عسکری جارحیت میں ہی نہیں بلکہ معاشی استحصال کے نت نئے طریقوں میں بھی ظاہر ہوتا رہتا ہے۔امت ِمسلمہ پر زوال آیا اور ایک صدی قبل تمام مسلم ریاستیں غیروں کی دست ِنگر اور محکوم بن گئیں۔ آج بھی ان ہمہ جہت مسائل سے نکلنے کا رستہ فکر اقبال کی روشنی میں موجود ہے۔
ڈاکٹر عبدالروف رفیقی نے تمام مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملت ِاسلامیہ کے نمایاں ممالک دو عشروں سے جن مسائل کا شکار ہیں، ا ن کو مادّی جنگ بھی کہا جاسکتا ہے اور نظریاتی بھی۔مغرب اپنے مختلف شعبہ ہائے حیات کی ترقی کے بعد زندگی کے مختلف میدانوں میں اس حد تک آگے نکل چکا ہے کہ ہمارے ہر قسم کے ردّ عمل کو اپنا مفہوم دینے کی قدرت اس کے پاس موجود ہے کیونکہ ہمارے اِظہار کا ذریعہ یعنی زبان اسی کے ہے اور ہماری سیاست ومعیشت کے مراکز بھی اسی سے تقویت پکڑتے ہیں۔ڈاکٹر عبدالروف رفیقی کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کے مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے فکر اقبال کا فروغ اشد ضروری ہے۔
تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر عبدالروف رفیقی نے ڈاکٹر نعمانہ کرن اور سعد خان کو اعزازی شیلڈز اور اکادمی کی مطبوعات پیش کیں۔