Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

ایوان اقبال اور یونیک گروپ آف کالجز کے اشتراک سے "فلسفہ اقبالؒ اور قائد کا پاکستان" کے موضوع پر سیمینار

ایوان اقبال اور یونیک گروپ آف کالجز کے اشتراک سے "فلسفہ اقبالؒ اور قائد کا پاکستان" کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے کہا کہ ہماری خوش بختی ہے کہ قائد اعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کی ولولہ انگیز قیادت ہمیں میسر آئی، قائدین نے اپنی زندگیاں ملک و ملت کے لیے وقف کر دیں۔ انھوں نے فرمایا کہ علامہ اقبالؒ کے فلسفے کی بنیاد عشق رسولؐ ہے، اقبالؒ عشق رسول کا یہ جذبہ ملک و قوم کےہرفرد میں دیکھنا چاہتے تھے۔ فکرِاقبالؒ کا دوسرا اہم پہلو "فلسفہٴ خودی" ہے ۔ اقبالؒ نے خود آگاہی و خود شناسی کو اس کی بنیاد قرار دیا ہے۔ موجودہ ملکی تناظر میں دیکھا جائے تو ہمیں علوم و فنون میں ترقی کی ضرورت ہے کیوں کہ قومیں اسی سے ترقی کرتی ہیں، چین اور جاپان کی ترقی کا راز یہ ہے کہ انھوں نے نوجوانوں کو ہنرمندبنایا۔ ہماری آبادی کا 50 فیصد حصہ خواتین پر مشتمل ہے ، لیکن وہ اپنے بنیادی حقوق سے ہی بے خبر ہے جوہمارا دین انھیں دیتا ہے۔ فکرِ اقبال کا تیسرا پہلو "تصورِ ملّت" ہے۔ شروع میں علامہ اقبالؒ کی شاعری کانگریس کا منشور سمجھی جاتی تھی لیکن وقت گزرنے کے ساتھ اقبال کو احساس ہوا کہ ہندو اور مسلمان اکٹھے نہیں رہ سکتے۔ اسی لیے ' ترانہ ہندی' کے خالق نے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا تصور دیا۔ 'ترانہ ہندی'،'ترانہ ملّی' میں بدل گیا۔ یہ بڑے ذہنوں کا اعجاز ہے کہ وہ اپنے ذہنی ارتقا کو قبول کر تے ہیں۔ اسکے بعد علامہ ایک نئے جذبے کے تحت بیداری ملت و تعمیر وطن میں مصروف ہو جاتے ہیں۔ عشق رسولؐ، جذبہ تکمیلِ مقاصد اور حب الوطنی، فلسفہٴ اقبالؒ کا لازمی جزو ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ علامہ اقبالؒ اور قائد اعظم ؒ کی شخصیات نوجوان نسل کےلیے مشعلِ راہ ہیں ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر آشفہ ریاض فتیانہ، چیئر مین یونیک گروپ عبدالمنان خرم، ایڈمنسٹریٹر ایوانِ اقبال انجم وحید اور پروفیسر ڈاکٹر نجیب جمال بھی موجود تھے۔





















































اقبال اکادمی پاکستان